ملزم کے قبضے سے چوری شدہ 6 موبائل فون برآمد، سابقہ ریکارڈ بھی سامنے آگیا
لاہور (کرائم رپورٹر) گارڈن ٹائون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے میٹرو بس میں شہریوں کی جیبوں کا صفایا کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گارڈن ٹائون پولیس نے کینال میٹرو اسٹیشن سے ملزم سفیان کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے چوری شدہ 6 موبائل فون برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ بھی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹائون نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی 15 پر اطلاع دیں۔