ذہنی کیفیت کے باعث والدہ کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کر سکی: جیا علی

 والدہ نے بچوں کی پرورش اور خاندان کی کفالت کے لیے بہت سی قربانیاں دیں، وہ مسلسل کام کرتی رہیں:اداکارہ کی گفتگو
لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ اور ماڈل جیا علی نے اپنی زندگی کے ایک انتہائی تکلیف دہ دور کا ذکر کرتے ہوئے والدہ کے انتقال اور ان کی آخری رسومات میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیا علی نے بتایا کہ میری والدہ شدید بیمار رہنے کے بعد انتقال کر گئی تھیں، انہوں نے عمر کے آخری حصے تک کام کیا اور اپنی صحت پر توجہ نہ دے سکیں۔انہوں نے بتایا ہے کہ آج بھی مجھے افسوس ہے کہ میں اپنی والدہ سے اس طرح کھل کر محبت کا اظہار نہیں کر سکی جس کی وہ مستحق تھیں۔جیا علی کا کہنا ہے کہ والدہ نے بچوں کی پرورش اور خاندان کی کفالت کے لیے بہت سی قربانیاں دیں، وہ مسلسل کام کرتی رہیں اور خاندان کی ذمے داریاں اٹھاتے اٹھاتے اپنی ذات اور جذبات کو پسِ پشت ڈال دیا۔جیا علی نے بتایا کہ جب میں اسلام آباد میں تھی تو مجھے والدہ کے انتقال کی اطلاع ملی، خبر سنتے ہی میں ایسی کیفیت میں چلی گئی جیسے مجھے کچھ سمجھ ہی نہ آ رہا ہو اور ذہن یہ تسلیم کرنے سے انکار کر رہا تھا کہ میری والدہ اب دنیا میں نہیں رہیں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں نے والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے لاہور جانے کے بجائے کام کے سلسلے میں کراچی کا رخ کیا، اہلِ خانہ نے مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے، جس کے باعث خاندان نے دو روز بعد والدہ کی تدفین کر دی۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران نہ میں رو سکی اور نہ ہی کوئی ردِعمل دے سکی، مجھے حقیقت کو قبول کرنے میں تقریبا 4 دن لگے کہ والدہ اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔