اقبال شخصیت نہیں کیفیت اور جذبے کانام : مقررین

نوجوانوں کی تحریک سے ملکوں اور اقوام کی تقدیر بدلتی ہے : اسد رحمن ، سلمان غنی 
لاہور(خصوصی رپورٹ) اقبال شخصیت نہیں کیفیت اور جذبے کانام ہے،وسطی ایشیائی ریاستوں کی آزادی اور سوویت یونین کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے میں اقبال کی فکر اور جذبے کا اہم کردار تھا،نوجوانوں کی تحریک سے ہی ملکوں اور اقوام کی تقدیر بدلتی ہے۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان اقبال کمپلیکس کے زیراہتمام اور نمل لاہور کیمپس کے اشتراک سے یوم اقبال کے سلسلے میں طلبہ و طالبات کے درمیان تقریری مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن اسد رحمن گیلانی جبکہ مہمان مقرر سینئر صحافی سلمان غنی تھے۔تقریب کی میزبانی ایڈمنسٹریٹر ایوان اقبال انجم وحید اور ریجنل ڈائریکٹر نمل ہمایوں ضیا نے کی۔مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویڑن اسد رحمن گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا یہاں طلبہ و طالبات میں جذبہ اور چمک کو دیکھ کر احساس ہوا کہ ملک کا مستقبل روشن اور اقبال نئی نسل میں زندہ ہیں،اقبال کے مداح صرف پاکستان اور ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ ایران،تاجکستان اور دیگر ملکوں میں بھی ہیں، سینئر صحافی سلمان غنی نے اپنے خطاب میں کہا اقبال شخصیت نہیں بلکہ ایک کیفیت اور جذبے کا نام ہے،سوچ اور فکر کا نام ہے جو صدیوں بعد بیدار ہوتی اور صدیوں دلوں میں راج کرتی ہے،برصغیر کے مسلمان ہیجانی کیفیت میں مبتلا اور پریشانی سے دوچار تھے،یہ علامہ اقبال ہی تھے جنہوں نے قائداعظم کو بلایا اور باور کرایا کہ آپ ہی ایسی شخصیت ہیں جو مسلمانوں کی قیادت کر سکتے اور انہیں علیحدہ وطن دلا سکتے ہیں۔قبل ازیں تقریری مقابلے کے دوران 10 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا ،بدر الدجی ٰنے پہلی،سید منتہا گیلانی دوسری جبکہ بہزاد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔بعد ازاں وفاقی سیکرٹری اسد رحمن گیلانی نے وفد کے ہمراہ مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی،رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،وفاقی سیکرٹری نے نیشنل ہسٹری میوزیم کا بھی دورہ کیا،منیجر علیزہ خالد نے بریفنگ دی۔