ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ قیام امن کے لیے جاری کوششوں میں اس نوعیت کا فعل امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، اور پاکستان روس فیڈریشن کے صدر، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ہر قسم کے تشدد اور ایسے اقدامات کو مسترد کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، کیونکہ ایسے اقدامات کا مقصد سلامتی کو کمزور کرنا اور امن کو خطرے میں ڈالنا ہے۔واضح رہے کہ روس کے نووگراڈ ریجن میں صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر حملہ ہوا، جس کے بارے میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پیوٹن نے انہیں بتایا کہ یہ حملہ یوکرین کی طرف سے کیا گیا، اور وہ اس پر شدید غصے میں تھے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروو نے اس حملے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین نے 28 اور 29 دسمبر کے دوران رہائش گاہ پر 91 لانگ رینج ڈرونز فائر کیے، تاہم تمام ڈرونز مار گرائے گئے۔ لاوروو نے خبردار کیا کہ یوکرین کے ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا جواب ضرور دیا جائے گا۔دوسری جانب، یوکرین نے ڈھون حملوں کے الزامات کی تردید کی ہے۔ صدر وولودمیر زیلنسکی نے کہا کہ ماسکو اس طرح کے الزامات کے ذریعے امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، اور روس ماضی میں کیف میں سرکاری عمارتوں کو نشانہ بناتا رہا ہے۔ عالمی برادری کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔