لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب زدہ علاقوں میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریلیف اور ریسکیو آپریشنز میں مکمل طور پر متحرک رہیں۔
وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122 کو مزید مستعد رہنے کی ہدایت کی اور سیلاب زدہ علاقوں کے ہیلتھ کیمپوں میں تمام ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے بارش کے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کے انتظامات اور ادویات کی دستیابی پر زور دیا۔مریم نواز نے ریلیف کیمپوں میں خواتین کے لیے سینٹری کٹ کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کلینک آن ویل، فیلڈ ہسپتال، مدر اینڈ چائلڈ کلینک آن ویل کی خدمات کو تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ نے سیلاب زدہ علاقوں میں قائم ریلیف میڈیکل کیمپوں میں بہتری کی ہدایت کی اور پی ڈی ایم اے کو اضلاع میں ضرورت کے مطابق ٹینٹ اور دیگر سامان فوری فراہم کرنے کا حکم دیا۔ مزید برآں، انہوں نے متوقع حالات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کو بھرپور بیک اپ تیاری کی ہدایت بھی دی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا انخلا اور ریسکیو آپریشن کامیابی سے انجام دیا گیا۔ بروقت اور بہترین انتظامات کی بدولت ہزاروں انسانی جانیں محفوظ ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے قبل بروقت انخلا سے ڈھائی لاکھ لوگ محفوظ رہے اور سیلابی ریلوں میں گھرے نو لاکھ سے زائد متاثرین کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا۔ انتظامیہ اور تمام اداروں کی منظم کوششوں کی بدولت تباہی سے بڑی حد تک بچاؤ ممکن ہوا۔