بھارتی ریاست اوڈیسہ کے ضلع کوراپٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 22 سالہ یوٹیوبر ساگر ڈوڈوما آبشار میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث بہہ گیا۔
ساگر اپنے دوست کے ہمراہ کٹک سے کوراپٹ آیا تھا تاکہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے مقبول سیاحتی مقامات کی ویڈیوز بنا سکے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ ڈرون کیمرے کے ذریعے ریلز ریکارڈ کر رہا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ساگر پانی کے بیچ کھڑا ہے جبکہ لوگ رسیوں کے ذریعے اسے نکالنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے وہ توازن قائم نہ رکھ سکا اور موجوں کے ساتھ بہہ گیا۔حکام کے مطابق، ماچاکونڈا ڈیم سے بارشوں کے بعد تقریباً 2000 کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا، جس کے باعث اچانک پانی کی سطح بلند ہوگئی۔ مقامی افراد اور سیاحوں کی کوششوں کے باوجود نوجوان یوٹیوبر کو بچایا نہ جا سکا۔اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر سروسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق، اب تک ساگر کا کوئی سراغ نہیں ملا اور لاش کی تلاش کا عمل جاری ہے۔