ویب ڈیسک: میٹا کمپنی نے فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کے لیے جدید مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ٹرانسلیشن ٹولز متعارف کرائے ہیں، جن کی مدد سے صارفین اپنی ویڈیوز اور ریلز کو مختلف زبانوں میں منتقل کر سکیں گے۔
یہ ٹولز 2024 میں اعلان کے بعد اب باضابطہ طور پر دستیاب ہو گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ صرف انگریزی اور ہسپانوی زبان کے لیے کام کریں گے، جس کا مطلب ہے کہ صارف ایک کلک پر انگریزی ریلز کو ہسپانوی اور ہسپانوی ریلز کو انگریزی میں تبدیل کر سکیں گے۔ کمپنی نے اعلان کیا کہ مستقبل میں دیگر زبانیں بھی ان ٹولز میں شامل کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔میٹا نے فیس بک صارفین کے لیے ایک خصوصی فیچر بھی فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے وہ کسی ایک ویڈیو میں متعدد آڈیو ٹریک شامل کر سکیں گے، جس سے ویڈیوز مختلف زبانوں کے ناظرین تک پہنچ سکیں گی۔
اس کے علاوہ، میٹا نے AI lip-sync فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے جب کسی ویڈیو کو ترجمہ شدہ زبان میں ایڈٹ کیا جائے گا تو ویڈیو میں موجود افراد کے ہونٹ بھی اسی زبان کے مطابق حرکت کریں گے، جس سے دیکھنے والوں کو یہ احساس نہیں ہوگا کہ ویڈیو اصل میں کسی اور زبان میں بنی تھی۔کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ مستقبل میں وہ ایسے مزید فیچرز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جن کی مدد سے مختلف زبانیں بولنے والے افراد رئیل ٹائم میں AI کے ذریعے بات چیت کر سکیں گے۔ اس پیشرفت کو عالمی سطح پر کمیونیکیشن کے نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔