امریکی ٹیرف کے سامنے جھکنے کے بجائے نئی مارکیٹوں پر توجہ دیں گے، بھارتی وزیرِ تجارت

دہلی(نیٹ نیوز)بھارتی وزیرِ تجارت پیوش گوئل نے امریکا کی جانب سے بھارتی برآمدات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد اپنے پہلے عوامی ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا اور اب نئی عالمی مارکیٹوں پر توجہ دے گا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا نے یہ بھاری ٹیرف نئی دہلی کی روسی تیل کی بڑے پیمانے پر خریداری پر سزا کے طور پر نافذ کیے ہیں۔ یہ اقدام دراصل روس پر دباؤ ڈالنے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ ماسکو یوکرین میں اپنی جنگ ختم کرے۔پیوش گوئل نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "اگر کوئی ملک ہمارے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ (Free Trade Agreement) کرنا چاہتا ہے تو بھارت ہمیشہ تیار ہے، لیکن بھارت جھکے گا نہیں اور نہ کبھی کمزور دکھائی دے گا۔