عمران خان شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہیں، خواب میں بھی بانی پی ٹی آئی نظر آتے ہیں
پشاور(آئی این پی)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مریم نواز کو بانی پی ٹی آئی عمران خان بننے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریم نواز بانی پی ٹی آئی جیسا بننے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں، عمران خان شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہیں، شریف خاندان کو خواب میں بھی بانی پی ٹی آئی نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کا پیسا عوام پر خرچ ہونے کے بجائے لندن منتقل ہو رہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں عوام کا پیسا عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں کے پی پہلا قرض اتارنے والا صوبہ بن گیا ہے، جو لیڈر سردرد کے علاج کیلئے بھی لندن جاتا ہو وہ عوام کیلئے کیا کرے گا؟۔ چچا اور بھتیجی دونوں وفاقی اور صوبائی خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہیں، شریف خاندان کے منی لانڈرنگ قصے زبان زدعام ہیں، حکومت نے اس بار کرپشن کے ساتھ لاقانونیت کو بھی فروغ دیا ہے۔