اسرائیل نے بارود بھرے روبوٹس کے ذریعے حملے شروع کردیئے‘90فلسطینی شہید

 عمارتیں تباہ کرنے کیلئے  بارود سے بھرے خود کار روبوٹس کے استعمال  کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر ، شہدا میں امداد کے منتظر 32 افراد بھی شامل
خاتون صحافی اسلام موحارب عابد بھی  شہید، جنگ کے آغاز کے بعد سے غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تعداد 278 ہوگئی 
غزہ،بارسلونا(آئی این پی)غزہ پراسرائیلی طیاروں کی بمباری اور زمینی حملوں   میں شدت آگئی،  صیہونی فوج نے بارود سے بھرے خودکار روبوٹس سے بھی عمارتیں تباہ کرنا شروع کر دیں  ،گزشتہ  24 گھنٹوں میں مزید  ایک اور  خاتون صحافی سمیت90 فلسطینی شہید اور 421 زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ میں عمارتیں تباہ کرنے کے لئے   بارود سے بھرے خود کار روبوٹس کا استعمال کررہی ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔  اسرائیلی فوج نے ایک روز میں مزید 90 فلسطینی شہید کردیئے، شہدا میں امداد کے منتظر 32 افراد بھی شامل تھے۔فلسطینی حکومتی میڈیا آفس کے مطابق  غزہ میں خاتون صحافی اسلام موحارب عابد بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوئیں۔ ہم عالمی فیڈریشن آف جرنلسٹس، عرب جرنلسٹس یونین اور دنیا کے تمام ممالک کی صحافتی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ پٹی میں صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے خلاف ان منظم جرائم کی مذمت کریں۔اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر 2023 میں جنگ کے آغاز کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تعداد 278 ہوگئی ہے۔