سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم موخر کردی گئی
اسلام آباد(آئی این پی )ملک کے 99 مخصوص اضلاع میں مرحلہ وار انسدادِ پولیو مہم شروع کر دی گئی ، مہم کے دوران 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلائے جائیں گے، 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اہم ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران پنجاب کے 7 اضلاع میں 41 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین دی جائے گی، تاہم سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر 9 اضلاع میں پولیو مہم موخر کر دی گئی ہے۔سندھ کے 25 اضلاع میں 89 لاکھ سے زائد، بلوچستان کے 26 اضلاع میں 21 لاکھ سے زائد اور خیبرپختونخوا کے 27 اضلاع میں 57 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے۔جنوبی خیبرپختونخوا میں یہ مہم 15 ستمبر سے شروع ہوگی، اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے 2،2 اضلاع میں بھی بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی