قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، ساڑھے 4 کروڑ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

انسداد پولیو مہم19اپریل تک جاری رہے گی‘مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی
والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ اگر ایک بھی بچہ رہ گیا تو خطرہ باقی رہے گا:سینیٹرروبینہ خالد
لاہور،پشاور(آئی این پی‘آن لائن )ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز  ہوگیا،  جو 19 اپریل تک جاری رہے گی۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر (این ای او سی) کے مطابق پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے  قومی پولیو مہم کے دوران تقریبا 4 لاکھ 13 ہزار پولیو ورکرز اپنے فرائض انجام دیں گے،تاہم پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے انسداد پولیو مہم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی ذمہ داری ہے جس کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین دی جا رہی ہے، جبکہ ملک بھر میں لاکھوں پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مہم کے دوران کروڑوں بچوں تک رسائی حاصل کی گئی جو ایک بڑی کامیابی ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ اگر ایک بھی بچہ رہ گیا تو خطرہ باقی رہے گا