کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر کے تمام اپ گریڈ اسکول 2 اپریل 2027 سے فعال کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت محکمہ اسکول تعلیم کا اجلاس ہوا، جس میں اپ گریڈ کیے گئے اسکولوں میں اساتذہ، طلبہ کے داخلوں اور ضروری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ مارچ 2027 تک مکمل ہونے والے تمام اسکول 2 اپریل تک فرنیچر، اساتذہ اور دیگر ضروری سہولیات سمیت مکمل طور پر فعال کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف اسکولوں کی تعمیر کافی نہیں، بلکہ بچوں کے داخلے اور معیاری تعلیم کی فراہمی بھی یقینی بنانا ہوگی۔سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں اسکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں لانے کے لیے بھرپور داخلہ مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم اور اسکول چھوڑنے والے بچوں پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایس ای آئی پی اور سلیکٹ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں مجموعی طور پر 1133 اسکول شامل ہیں، جن میں 838 اسکول ایس ایس ای آئی پی جبکہ 295 اسکول سلیکٹ پروگرام کے تحت ہیں۔
حکام کے مطابق ٹھٹھہ کے پانچ نئے اپ گریڈ سیکنڈری اسکولوں میں 21 سے 30 ستمبر تک نو روزہ پائلٹ داخلہ مہم چلائی گئی، جس کے دوران چھٹی سے دسویں جماعت تک 702 طلبہ نے داخلہ لیا۔ ان میں 409 طالبات شامل تھیں، جبکہ 102 اسکول سے باہر اور ڈراپ آؤٹ بچوں کو بھی دوبارہ اسکولوں میں داخل کرایا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے پائلٹ داخلہ مہم کے نتائج کو سراہتے ہوئے اس ماڈل کو صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اپنانے کی ہدایت کردی۔