اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال کرنے کی ہدایت کردی ہے، جس کے ذریعے مسافروں کے سامان کی خودکار اسکیننگ اور کسٹم کلیئرنس کے عمل کو تیز بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کو ٹیکس بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی اور ریکوری یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں ٹیکس وصولیوں، ایف بی آر کے مختلف آپریشنز اور جاری اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر کسٹم کلیئرنس، امیگریشن اور دیگر متعلقہ آپریشنز کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال کرنے پر زور دیا۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں اور تاجروں و صنعت کاروں سے ملاقاتوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، جس سے ملکی تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
بانڈیڈ ویئر ہاؤسز میں 24.4 ارب روپے کی بے ضابطگیاں
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ کے دوران 24.4 ارب روپے کی ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ اس معاملے میں قانونی طریقہ کار کے تحت ریکوری کا عمل جاری ہے۔وزیراعظم نے ان بے ضابطگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی اور واجب الادا رقم کی مکمل ریکوری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ایئرپورٹس پر جدید اسمارٹ اسکیننگ سسٹم
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے پاکستان کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔ اس نظام کے ذریعے مسافروں کے سامان کو خودکار طریقے سے گرین چینل اور ریڈ چینل میں بھیجا جاسکے گا، جس سے کسٹم کلیئرنس کا عمل مزید تیز اور مؤثر ہوگا۔
کارگو ٹریکنگ سسٹم پر بھی کام جاری
اجلاس کو بتایا گیا کہ جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم کی تیاری پر بھی کام جاری ہے، جس کا مقصد سیلز ٹیکس گیپ اور اسمگلنگ کی روک تھام ہے۔ اس نظام کے تحت سامان کی ترسیل کو لوڈنگ سے لے کر ڈیلیوری تک ایک ہی ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔کارگو ٹریکنگ سسٹم میں ای بلٹی، رسک مینجمنٹ سسٹم، فیلڈ انفورسمنٹ اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ شامل ہوں گے۔ اس نظام کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی نمائندگی پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔
اسمگلنگ کے خلاف 302 کارروائیاں
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر میں دریائے سندھ کے پلوں پر انڈس کلکٹریٹ نے کام شروع کردیا ہے، جہاں 856 اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔انڈس کلکٹریٹ نے اب تک 302 کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی اشیا قبضے میں لی ہیں۔
سیلز ٹیکس وصولیوں کے لیے الگ زونز قائم کرنے کا فیصلہ
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں سیلز ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کے لیے چار بڑے ٹیکس پیئر یونٹس کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں سیلز ٹیکس کے الگ زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔پرال (PRAL) کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیٹا کی سیکیورٹی اور سالمیت یقینی بنانے کے لیے متعدد سافٹ ویئرز میں اضافی سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جا چکے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ماضی میں فاٹا اور پاٹا کو حاصل ٹیکس استثنیٰ کی آڑ میں ایف بی آر افسران کی جانب سے غیر مجاز کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری کیے جانے کے معاملے پر متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے۔
کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی
اجلاس میں بتایا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیموں کے کراچی اور لاہور کے دوروں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور کاروباری برادری کے متعدد مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔اس سلسلے میں ایف بی آر کراچی کی جانب سے کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں دفتر قائم کیا جا رہا ہے تاکہ صنعت کاروں کو ان کی دہلیز پر ایف بی آر کی خدمات فراہم کی جاسکیں۔