مہنگائی کے بڑھتے دباؤ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، چکن اور انڈوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے تجاوز کرگئیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ جاری ہونے کے باوجود اس پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگے داموں اشیائے خورونوش خریدنے پر مجبور ہیں۔سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 505 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہی گوشت 600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح انڈوں کی سرکاری قیمت 264 روپے فی درجن مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں انڈے 280 روپے فی درجن تک فروخت ہورہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹیں تو آویزاں ہیں، تاہم عملی طور پر ان پر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا۔ ان کے مطابق بعض دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو ریلیف نہیں مل رہا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامہ محض کاغذی کارروائی بن کر رہ گیا ہے، جبکہ بڑھتی قیمتوں کے باعث مہنگا چکن اور انڈے خریدنا عام آدمی کی مجبوری بنتا جا رہا ہے۔