شہر میں سبزیوں کے سرکاری نرخ نامے اور اوپن مارکیٹ میں وصول کی جانے والی قیمتوں کے درمیان نمایاں فرق برقرار ہے، جہاں متعدد اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق نیا کچا آلو (درجہ اول) سرکاری قیمت 35 روپے فی کلو کے بجائے 60 روپے، جبکہ پیاز سرکاری نرخ 92 روپے کے مقابلے میں 130 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔اسی طرح ٹماٹر کی سرکاری قیمت 300 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں 500 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ کریلا 100 روپے کے بجائے 150 روپے، مٹر 300 روپے کے بجائے 400 روپے اور شملا مرچ 310 روپے کے بجائے 360 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔اس کے علاوہ سبز مرچ سرکاری نرخ 110 روپے کے مقابلے میں 130 روپے فی کلو جبکہ پھول گوبھی 90 روپے کے بجائے 150 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ البتہ بند گوبھی واحد سبزی رہی جو سرکاری قیمت 130 روپے فی کلو کے مقابلے میں 80 روپے فی کلو دستیاب دیکھی گئی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔