حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر اہم مذاکرات آج دوپہر 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دفتر میں ہوں گے۔

 ملاقات میں حکومتی و اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کے نمائندے شریک ہوں گے۔حکومتی و اتحادی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ شامل ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی کریں گے۔اپوزیشن وفد میں بیرسٹر گوہر، راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، عامر ڈوگر اور حلیم عادل شیخ شامل ہوں گے۔ بیرسٹر گوہر نے بھی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن وفد کے ناموں کی پارٹی فورمز سے توثیق کی گئی ہے۔مذاکرات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، مذاکراتی عمل اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے بانی چیئرمین کی صحت، طبی سہولیات اور ملاقاتوں سے متعلق معاملات بھی زیر بحث لائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد بانی چیئرمین کو شفا ہسپتال منتقل کرنے، ان سے متعلق مقدمات کی سماعت مقرر کرنے اور ان کی بہنوں کی رہائی سمیت دیگر ایم این ایز اور ایم پی ایز کی گرفتاریوں کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔دوسری جانب حکومتی وفد کی جانب سے 4 اکتوبر کے مجوزہ لانگ مارچ سمیت سیاسی کشیدگی کم کرنے کے معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔ تاہم بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کے باوجود اپوزیشن کا مؤقف اور آئندہ کا لائحہ عمل مذاکرات میں زیر بحث رہے گا۔

یہ مذاکرات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال اور صوبے سے متعلق ممکنہ آئینی و قانونی اقدامات پر بھی اختلافات موجود ہیں۔ حالیہ مشاورت میں وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ وفد کی جانب سے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا تھا۔