پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کے خلاف ریفرنس کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ سیاسی کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ سلمان رفیق، رانا ارشد، سمیع اللہ، احمد اقبال، علی حیدر گیلانی، شافع حسین اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔ادھر اپوزیشن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر احمد بھچر مذاکراتی ٹیم کی سربراہی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق، اپوزیشن کمیٹی میں علی امتیاز، شیخ امتیاز اور اعجاز شفیع کے نام اسپیکر پنجاب اسمبلی کو آج ارسال کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں کا دوسرا سیشن کل (اتوار) کو ہوگا، جہاں فریقین ریفرنس کے ممکنہ خاتمے اور معطل ارکان کی واپسی کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
یاد رہے کہ 27 جون کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ اور توڑ پھوڑ کی تھی، جس کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف الیکشن کمیشن کو نااہلی کے لیے ریفرنس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اسپیکر معطل ارکان کے خلاف بھیجا گیا ریفرنس واپس لینے پر غور کر سکتے ہیں، جس سے اسمبلی میں سیاسی ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔