ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی:لائسنس منسوخ ،مقدمات و جرمانے ہوں گے

 20پوائنٹس پر لائسنس منسوخ ،،24 خلاف ورزیوں پر 500سے5ہزار تک جرمانے ہونگے
5 خلاف ورزیوں پر مقدمہ درج ،اوور سپیڈنگ پر جرمانہ 10گنا زیادہ ہوگا،ٹریفک حکام
لاہور(کرائم رپورٹر)لائسنس منسوخ ،مقدمات کا اندراج اور بڑے جرمانے ہوں گے، ترقی یافتہ ممالک کی طرز پرمالی حیثیت کو مدنظر رکھ کر جرمانے کئے جائیں گے،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پوائنٹس بھی کاٹے جائیں گے۔ٹریفک حکام کا کہنا تھا کہ 20پوائنٹس ہونے پر لائسنس منسوخ کردیا جائیگا،24مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 500سے5ہزار تک جرمانے ہونگے، چوبیس خلاف ورزیوں پر 2 سے لے کر 6 پوائنٹس کاٹے جائیں گے،5ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈرائیور کیخلاف مقدمہ بھی درج ہوگا۔اب 15 سو سی سی سے اوپر کی گاڑی کو اوور سپیڈنگ پر جرمانہ 10گنا زیادہ ہوگا،پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کے جرمانوں پر 5 گنا اضافہ ہوگا،15سو سی سی سے کم گاڑیوں کے جرمانے کوڈبل کیا جائیگا،اوور سپیڈنگ پر پہلے جرمانہ 500روپے وصول کیا جارہا تھا،معمولی جرمانہ کی وجہ سے شہری اوور سپیڈنگ سے باز نہیں آتے۔ حکام کا مزید کہناہے کہ حادثات پر قابوپانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے،تمام تر سٹڈی کے بعدپوائنٹس سسٹم ،جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جرمانوں میں اضافے کی سمری آئی جی پنجاب کی منظوری کے بعد حکومت کوبھجوا دی گئی ہے  حکومت سے منظوری کے بعد پوائنٹس سسٹم ،جرمانے نئے ریٹس پرہونگے۔