غیر حاضری کے مرتکب 5 اہلکارنوکری پر بحال ،منظم ڈیوٹی سرانجام دینے کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس میں سزا و جزا کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیرِ صدارت ہفتہ وار اردل روم منعقد ہوا، جس میں 25 اپیلوں کی سماعت کی گئی۔ سماعت کے دوران 6 اہلکاروں کو سخت سزائیں سنائی گئیں جبکہ 6 کیسز میں دوبارہ انکوائری کا حکم دیا گیا ترجمان پولیس کے مطابق اردل روم میں مختلف نوعیت کے معاملات پر غور کیا گیاجہاں 8 اہلکاروں کو آخری وارننگ جاری کی گئی۔طویل عرصے سے نوکری سے برخاست اہلکاروں کی اپیلوں پر بھی فیصلے سنائے گئے۔ غیر حاضری کے مرتکب 5 اہلکاروں کو نوکری پر بحال کرتے ہوئے آئندہ منظم ڈیوٹی سرانجام دینے کا حکم دیا گیاڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس میں نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے اور اس ضمن میں کسی کو معافی نہیں دی جائے گی۔سزا و جزا کا نظام ہر گزرتے دن کے ساتھ سخت کیا جا رہا ہے تاکہ محکمہ جاتی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔ اردل روم کا مقصد خود احتسابی کے عمل کو برقرار رکھنا اور اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دینے کی ترغیب دینا ہے۔اردل روم کے دوران اہلکاروں نے ذاتی مسائل بھی پیش کیے، جنہیں ڈی آئی جی آپریشنز نے خود سنا اور موقع پر متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔