طلحہ، حاشر اور عاصم پشاور سے پتنگیں لا کر لاہور میں فروخت کرتے تھے
لاہور (کرائم رپورٹر) چوکی ہلوکی پولیس نے دورانِ پٹرولنگ ڈیفنس روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے پتنگوں کی بڑی کھیپ برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت طلحہ، حاشر اور عاصم کے نام سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے 500 سے زائد پتنگیں برآمد ہوئیں، جبکہ گاڑی بھی پولیس نے تحویل میں لے لی۔ ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی کے مطابق ملزمان پشاور سے پتنگیں لاکر لاہور میں مبینہ طور پر آن لائن فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس پی اسد علی کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔