لاہور (کرائم رپورٹر) سبزہ زار پولیس نے آن لائن پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے والے ملزم حسنات کو گرفتار کرکے سینکڑوں پتنگیں اور ڈور کی تین بڑی چرخیاں بر آمد کر لیں۔ ایس پی اقبال ٹا ئون سدرہ خان کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر بجلی گھر اسٹاپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے آن لائن پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پلاسٹک کے توڑے میں موجود سینکڑوں پتنگیں اور ڈور کی تین بڑی چرخیاں بر آمد کرکے پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایس پی اقبال ٹا ئون سدرہ خان نے سبزہ زار پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔