پولیس نے شیشہ پارٹی الٹ دی ،8ملزم گرفتار

 فیصل ٹائون میں نجی پلازے میں شیشہ کیفے پر چھاپہ حقے اور فلیورز برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) فیصل ٹائون پولیس نے نجی پلازے میں قائم مبینہ شیشہ کیفے پر چھاپہ مار کر 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پلازے میں مبینہ طور پر خفیہ طور پر شیشہ کیفے بنا رکھا تھا، جہاں شیشہ پارٹی کا اہتمام کیا جا رہا تھا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت دانیال، اسد، حاشر، قیصر، قاسم، احسن، شہریار اور حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 6 حقے، شیشہ فلیورز اور ڈیک برآمد کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایس پی ماڈل ٹائون نے کارروائی کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔