رشوت خوری،3اہلکار گرفتار،یس ایچ او معطل

 سب انسپکٹر انتظار احمد، ہیڈ کانسٹیبل وقاص احمد اور کانسٹیبل نعمان نے شہریوں کو پکڑ کر رقم طلب کی
لاہور (کرائم رپورٹر) ناقص سپروژن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ایس ایچ او تھانہ باٹا پور کو معطل جبکہ تین پولیس اہلکاروں کو حوالات میں بند کردیا گیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق اہلکاروں پر دو شہریوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے اور ان کے ورثا سے رقم طلب کرنے کا الزام ہے۔ سب انسپکٹر انتظار احمد، ہیڈ کانسٹیبل وقاص احمد اور کانسٹیبل نعمان یوسف شہریوں کو حراست میں رکھنے کا کوئی قانونی جواز پیش نہ کرسکے۔ غیر قانونی حراست اور رقم طلب کرنے پر ملزمان کے خلاف دفعات 155 اور 384 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ ناقص سپروڑن پر ایس ایچ او باٹا پور کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور ان کی عزتِ نفس کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کا سخت احتساب جاری ہے اور پولیس عہدے کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے والے کسی اہلکار کو رعایت نہیں دی جائے گی۔