رشوت خوری کی ویڈیو وائرل ، پولیس اہلکار برخاست

 ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت نوٹس لے لیا ،عبدالرحمن گرفتار،محکمانہ کارروائی بھی شروع 
لاہور (کرائم رپورٹر) پولیس اہلکار کی جانب سے رشوت لینے کی ویڈیو سامنے آنے پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔ واقعے میں ملوث پولیس اہلکار عبدالرحمن کو گرفتار کر کے نوکری سے فوری طور پر برخاست کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس اہلکار عبدالرحمن تھانہ راوی روڈ میں تعینات تھا اور اس نے رنگ روڈ پر ایک شہری سے رشوت وصول کی۔ ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد اعلیٰ حکام نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری ایکشن لیاڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ایک اہلکار کا غلط فعل پوری پولیس فورس کی بدنامی کا باعث بنتا ہے، کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختیار سے تجاوز کرنے والوں کی لاہور پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں، تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔