گالم گلوچ، رشوت خوری ، سب انسپکٹر کیخلاف کارروائی نہ ہوسکی

 تھانہ ہڑپہ میں سب انسپکٹر خالق ریاض نے گھر میں گھس کر خواتین سے گالم گلوچ کی 
لاہور(کرائم رپورٹر )ساہیوال کے تھانہ ہڑپہ میں پولیس کی جانب سے چادر اور چار دیواری کے تقدس پامال کرنے اور رشوت لینے کا معاملہ سامنے آیا ہے، تاہم ملزم سب انسپکٹر خالق ریاض کے خلاف تاحال کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہ آ سکی۔متاثرہ خاتون ساجدہ کے مطابق سب انسپکٹر خالق ریاض نے ایک کانسٹیبل کے ہمراہ زبردستی ان کے گھر میں داخل ہو کر خواتین سے گالم گلوچ کی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس ان کے بیٹے حسن کو تلاش کرنے آئی تھی، جو گزشتہ دو سال سے اپنے سسرال میں مقیم ہے۔درخواست گزار خاتون کے مطابق پولیس اہلکاروں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا اور بعد ازاں انہیں تھانے لے جا کر رہائی کے عوض رشوت بھی لی گئی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ان کے لیے شدید ذہنی اذیت کا باعث بنا۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی انکوائری کے بعد ملزم سب انسپکٹر خالق ریاض کی چھ ماہ کی سروس ضبط کی گئی ہے، تاہم متاثرہ خاتون کا مؤقف ہے کہ یہ سزا ناکافی ہے۔خاتون ساجدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ سب انسپکٹر علاقے میں خوف کی علامت بن چکا ہے، لہٰذا اسے بطور سزا کسی اور ضلع میں تعینات کیا جائے اور اس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے۔متاثرہ خاتون نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور آر پی او ساہیوال سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔