کراچی میں نامعلوم شخص نے پیٹرول چھڑک کر اے ٹی ایم کو آگ لگا دی، سی سی ٹی وی منظرعام پر

کراچی میں نامعلوم شخص نے پیٹرول چھڑک کر اے ٹی ایم کو آگ لگا دی، سی سی ٹی وی منظرعام پر

کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں چاند بی بی روڈ پر واقع ایک نجی بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں آتشزدگی کا واقعہ شارٹ سرکٹ نہیں بلکہ مبینہ طور پر جان بوجھ کر آگ لگانے کا نکلا۔

واقعے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک نامعلوم شخص کو اے ٹی ایم پر پیٹرول چھڑکتے اور بعد ازاں اسے آگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اے ٹی ایم میں نصب سیکیورٹی کیمرے نے پوری کارروائی ریکارڈ کر لی، جبکہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہے۔ابتدائی طور پر رسالہ پولیس نے واقعے کو شارٹ سرکٹ کا نتیجہ قرار دیا تھا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد واضح ہوا کہ آگ مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر جان بوجھ کر لگائی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آگ لگنے سے اے ٹی ایم بوتھ کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔