شیخوپورہ میں مبینہ ظلم، جٹھانی اور ساس پر پیٹرول چھڑک کر خاتون کو آگ لگا دی

شیخوپورہ میں مبینہ ظلم، جٹھانی اور ساس پر پیٹرول چھڑک کر خاتون کو آگ لگا دی

شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون کو مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا جسم تقریباً 70 فیصد تک جھلس گیا، جس کے بعد اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق خاتون کے چہرے، سینے اور بازوؤں پر شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں اور اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔متاثرہ خاتون کی شناخت سحر کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک بیٹی اور دو بیٹوں کی والدہ ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں خاتون نے الزام عائد کیا کہ اسے اس کی جٹھانی اور ساس نے مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد جٹھانی نبیلہ اور ساس رضیہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مزید تفتیش کے بعد ہی صورتحال واضح ہو گی۔واضح رہے کہ فیروزوالہ میں 15 روز کے دوران خواتین کو آگ لگانے کا یہ دوسرا افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔ اس سے قبل بھی ایک واقعے میں گھریلو تنازع کے دوران ایک خاتون کی موت کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس پر پولیس نے کارروائی کی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔