حکومت کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے دہشت گردی اور جنگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں:چیئرمین پی پی
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبے میں جاری سیاسی صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال میں صوبائی حکومت کو دہشت گردی اور جنگ کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی کے سنگین چیلنج سے دوچار ہے، اس لیے صوبائی حکومت کو اپنی تمام تر توجہ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ پر مرکوز کرنی چاہیے۔انہوں نے لانگ مارچ غیرمشروط طور پر ختم کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں صوبے کی حکومت کو سیاسی محاذ آرائی کے بجائے دہشت گردی اور جنگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔