مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل نکالاجائے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے
چین سے تعلق نئی بلندیوں پرپہنچائیں گے:نائب وزیر اعظم کی اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور چینی وزیر خارجہ سے ملاقاتوں میں گفتگو
نیویارک(آئی این پی )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے اقوام متحدہ افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی کے معاملے میں اپنا کردار ادا کرے ، مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل نکالاجائے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امن و سلامتی، ترقی اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار اور اس کیلئے پاکستان کی جانب سے بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی عالمی ادارے میں فعال شمولیت اور عالمی امن و سلامتی کے قیام کیلئے امن مشن میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب وانگ ای سے نیویارک میں ملاقات کی ،جس میں دوطرفہ تعلقات،علاقائی اور عالمی امور پربات چیت کی گئی ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان چین آہنی دوستی کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات، سی پیک اور اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا