حکومت لیوی ختم، آئی پی پیز معاہدے مسترد، مہنگائی پر قابو پائے،قوم حق کیلئے باہر نکلے:امیر جماعت اسلامی ،پریس کانفرنس
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوسرے فیز کا آغاز کرتے ہوئے 7 اگست کو ملک کی تمام شاہراہیں بند کرنے اور دھرنے دینے کا اعلان کردیا ۔اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے احتجاجی تحریک روکنے کیلئے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کئے تو مہنگائی کے خلاف احتجاج حکومت گرائو تحریک میں تبدیل ہوجائے گا،حکومت فی الفور پٹرولیم لیوی ختم ، آئی پی پیز سے مہنگے معاہدے مسترد کرے ، صوبائی حکومتیں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں ایران امریکہ جنگ سے قبل والی صورتحال پر واپس لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹریز نذیر جنجوعہ ، وقاص جعفری، اظہر اقبال حسن ، امیر لاہور ضیاالدین انصاری اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ 7 اگست سے قبل عوام کو متحرک کرنے کیلئے تمام اضلاع میں 20 ہزار کارنر میٹنگز ہوں گی ، قوم 7 اگست کو دھرنوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائے ، تمام اضلاع کو جوڑنے والی سڑکیں بند کریں گے ، صرف ایمبولینسوں کو راستہ ملے گا، احتجاجی تحریک کا دوسرافیز عوامی مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا ، قوم اپنے حق کے لیے باہر نکلے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل اور حکومت کی جانب سے یہ اختیار اوگرا کو دینے کا اعلان دھوکہ اور فریب ہے ،حکمران پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے بھتہ وصول کررہے ہیں ، یہ جگا ٹیکس ختم ہوجائے تو پٹرول کی فی لٹر قیمت 200 روپے سے بھی کم ہوجائے گی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں بدترین گورننس ہے، گزشتہ چھ برس میں پنجاب میں شرح غربت میں 41 فیصد اضافہ ہوا ، مریم نواز نے صوبہ میں 11 ہزار سکولوں کو فروخت کردیا اور خود 11 ارب کا جہاز خرید لیا، پی ٹی آئی ممبران نے پختونخوامیں اپنے لئے لامتناہی مراعات کا بل منظور کرلیا،پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم ہے، بلاول بھٹو آزاد کشمیر کی صورتحال پربیان بازی اور عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے بتائیں آزاد کشمیر میں کس کی حکومت ہے؟ پیپلز پارٹی 70 کی دہائی سے لے کر آج تک جمہوریت کے نام پر عوام سے مذاق کررہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں پر زور دیا کہ خیبر پختوانخوا اور بلوچستان میں مجموعی امن و امان کی خراب صورتحال کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں ، اس سلسلہ میں جلد ایک گرینڈ جرگہ کے انعقاد کی امید ہے،آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے اداروں کی جانب سے مذاکرات کی اطلاعات خوش آئند ہیں ،آزاد کشمیر کی صورتحال معمول پر لانے کیلئے مذاکرات کی حامی ہے۔