امریکا کے ریاست کولوراڈو میں فورٹ مورگن میونسپل ایئرپورٹ کے قریب دو چھوٹے طیارے فضا میں ہی آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ خوفناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک انجن والے دونوں طیارے لینڈنگ کے لیے ایئرپورٹ کے رن وے پر پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک فضا میں ہی ٹکرا گئے۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے بتایا کہ دونوں طیاروں میں دو، دو افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوری بعد ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ 3 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم بعدازاں ایک اور زخمی دورانِ علاج دم توڑ گیا، یوں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ایک زخمی کی حالت تاحال تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔مقامی میڈیا کی جاری کردہ فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رن وے کے قریب ایک طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا اور اس کے گرد سیاہ راکھ، تیل کے نشانات اور ملبہ بکھرا ہوا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ تصادم کے بعد فضا میں کالے دھوئیں کے بادل اور آگ کے شعلے بلند ہوئے جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی اور متاثرہ افراد کو نکالا۔