ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز DL 1893 اورلینڈو سے آسٹن جا رہی تھی کہ دورانِ پرواز بوئنگ 737 کے بائیں پر کے آؤٹ بورڈ فلَیپ کا ایک حصہ ٹوٹ کر الگ ہو گیا۔ طیارہ پہلے ہی غیر معمولی ہچکولے کھا رہا تھا اور اچانک جھٹکوں کے دوران پر کے اس حصے کے ڈھیلا ہونے کا واقعہ پیش آیا۔
ایک مسافر نے کھڑکی سے پر کے ٹوٹنے کا منظر کیمرے میں محفوظ کر لیا۔ خوش قسمتی سے پائلٹ نے طیارہ بحفاظت آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ لینڈنگ کے بعد معائنہ میں معلوم ہوا کہ بائیں پر کے فلیپ کا پچھلا حصہ مکمل طور پر الگ ہو چکا تھا۔
ڈیلٹا ایئر لائنز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرواز کو مسافروں اور عملے کی حفاظت کے ساتھ آسٹن اتارا گیا اور طیارے کو مرمت کے لیے سروس سے ہٹا دیا گیا ہے۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں اور مستقبل میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔