لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں تاریخ میں پہلی بار اینٹی اسموگ گنز کے استعمال کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ فضائی آلودگی اور اسموگ کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔
یہ جدید اقدام لاہور کے مختلف علاقوں میں باضابطہ طور پر نافذ کیا گیا ہے اور اس کے ذریعے فضاء میں موجود مٹی اور دیگر آلودہ ذرات کو پانی کے باریک قطرات کے ذریعے صاف کیا جاتا ہے۔اینٹی اسموگ گنز جدید اے آئی سے جڑے موسمیاتی نظام کے ذریعے کام کرتے ہیں، جو فضا میں موجود آلودگی کا تجزیہ کرکے پانی کی چھوٹی پھوار چھوڑتے ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کے خطرات پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔پنجاب میں اب 15 اینٹی اسموگ گنز مقامی طور پر تیار کی جا چکی ہیں اور ان کا باضابطہ استعمال شروع ہو گیا ہے، جبکہ مزید 5 گنز تیاری کے مراحل میں ہیں۔
ہر اینٹی اسموگ گن 16,000 لیٹر پانی کے ٹینک کے ساتھ منسلک ہے اور 100 میٹر تک پانی کی پھوار فضا میں چھوڑ سکتی ہے۔یہ ٹیکنالوجی چین، بھارت اور دیگر ممالک میں بھی استعمال ہو رہی ہے اور پنجاب میں اس کے استعمال کا مقصد شہریوں کو صاف فضاء فراہم کرنا اور اسموگ سے پیدا ہونے والی صحت کے مسائل کو کم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام اسموگ کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کی دیگر کوششوں کے ساتھ اہم کڑی ہے۔