پنجاب میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید نظام نافذ:مریم اورنگزیب

پنجاب میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید نظام نافذ:مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے اسموگ کے تدارک کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید نظام متعارف کرا دیا ہے، جو فضائی آلودگی، موسمی تبدیلیوں اور بھارت سے آنے والی آلودہ ہواؤں کے اثرات کی پیش گوئی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے بتایا کہ یہ نظام پنجاب میں ایئر کوالٹی کی درست پیمائش، تجزیے اور بروقت اقدامات کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ ماضی میں اسموگ کی شدت یا پھیلاؤ کی پیشگی نگرانی ممکن نہیں تھی، لیکن اب AI ٹیکنالوجی کے ذریعے چار ماہ قبل تک کے فضائی معیار کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔وزیر کے مطابق اب حکومت اسموگ کے آغاز کا انتظار نہیں کرے گی بلکہ مارچ سے ہی تدارک کی منصوبہ بندی شروع کر دی جاتی ہے۔ انڈسٹری، ٹرانسپورٹ اور تعمیرات کے شعبوں کے لیے واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں جن کی آن لائن نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ آلودگی کے ذرائع کو کم کیا جا سکے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اس سال تین لاکھ گاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل کیے گئے، 1100 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر لائی جا چکی ہیں اور مزید ایک ہزار بسیں جلد شامل ہوں گی۔ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) نے 41 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز نصب کیے ہیں، جنہیں آئندہ 100 تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں "اسموگ وار روم" قائم کیا گیا ہے جو پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ڈیش بورڈ سے منسلک ہے۔ اس مرکز سے ڈرونز، اسمارٹ مانیٹرنگ اور AI کمپلائنس سسٹم کے ذریعے صرف 48 گھنٹوں میں کارروائی کی جاتی ہے۔

خلاف ورزی پر فیکٹریوں کے خلاف ایف آئی آرز، جرمانے اور مسماری کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔انڈسٹری کو EPA کے آن لائن کنٹرول سسٹم سے جوڑ دیا گیا ہے، جس سے کسی بھی فیکٹری کی آلودگی کو براہِ راست مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔ پٹرول پمپس پر فیول کوالٹی چیک کی جا رہی ہے، جبکہ پلاسٹک انڈسٹری کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ بھارت سے آنے والی آلودہ ہوائیں پنجاب میں اسموگ کی شدت بڑھاتی ہیں، تاہم صوبائی حکومت نے اپنی سطح پر مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔ فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی عائد ہے اور زیادہ اسموگ والے علاقوں میں اسپتالوں کی موبائل یونٹس کو الرٹ رکھا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے ایک انوائرمنٹ پروٹیکشن فورس بھی تشکیل دی ہے جو ڈرون اور اسکواڈ سسٹم کے تحت فضائی آلودگی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، جبکہ اینٹی پلاسٹک کمپین بھی جاری ہے۔