وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والے عوام کو مقبوضہ کشمیر کی تین نسلوں کی جدوجہد اور قربانیوں پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے بیان میں بتایا کہ کشمیری آزادی کی تاریخ اپنے خون سے رقم کی گئی، جس میں ایک نسل جیلوں میں جوانی سے بڑھاپے تک گذار گئی، کچھ پھانسی دی گئی اور کئی سینے میں گولیاں کھا کر شہید ہوئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے اپنی محبت اور وجود کی قیمت کشمیر کی آزادی کے لیے ادا کی ہے اور مستقبل میں بھی یہ قربانیاں دی جائیں گی۔ انہوں نے اکتوبر 1947ء میں سرحد پار کرتے ہوئے ایک لاکھ کشمیری مسلمانوں کی شہادت کا بھی ذکر کیا۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ کشمیری شہداء میں پنجابی، پختون، بلوچ اور سندھی فوجیوں نے حصہ لیا اور پاکستان نے اپنا وجود کشمیر کی آزادی کے لیے داؤ پر لگایا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر کی جانب سے پولیس پر حملے کیے گئے، جس میں 3 پولیس اہلکار شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ ایک عام شہری بھی جاں بحق ہوا اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔