مقبوضہ جموں و کشمیر کے ایک شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں مبینہ طور پر انتشار پھیلانے والے عناصر کو سخت ردعمل دیتے ہوئے کھری کھری سنا دی ہیں۔
ویڈیو پیغام میں شہری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بعض لوگ آزادی کی اصل قیمت اور مقبوضہ کشمیر کی حقیقی صورتحال سے ناواقف ہیں۔ ان کے مطابق جو لوگ احتجاج یا انتشار کی بات کرتے ہیں انہیں آ کر دیکھنا چاہیے کہ مقبوضہ وادی میں عوام کن حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔شہری نے اپنے پیغام میں کہا کہ “مقبوضہ کشمیر میں آ کر دیکھو کہ یہاں عزتیں پامال ہو رہی ہیں اور لوگ کن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں”، انہوں نے سوال اٹھایا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے لاعلم لوگ آزاد کشمیر میں مہاجرین کی نشستوں پر شور کیوں مچا رہے ہیں۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں انتشار پھیلانے والے بعض عناصر بیرونی اثرات کے تحت کام کر رہے ہیں اور خطے کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے عناصر کا مقصد کشمیری عوام کے مسائل کو حل کرنا نہیں بلکہ حالات کو خراب کرنا ہے۔
ویڈیو میں شہری نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوان آزاد کشمیر کے لوگوں کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ حقیقی مسائل اور مشکلات کو سمجھے بغیر کوئی بھی تحریک یا احتجاج مثبت نتائج نہیں دے سکتا۔سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مختلف صارفین اس پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں، تاہم اس بیان کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔