کامیڈین منور فاروقی قتل ہونے سے بال بال بچ گئے

 کامیڈین منور فاروقی قتل ہونے سے بال بال بچ گئے

بھارتی دارالحکومت دہلی میں معروف کامیڈین منور فاروقی قتل ہونے سے بال بال بچ گئے۔

 پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گولڈی برار گینگ کے دو شوٹرز کو جمعرات کی صبح فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کر لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں شوٹرز کو گینگسٹرز روہت گوڈارا، گولڈی برار اور ویرندر چرن کے احکامات پر منور فاروقی کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ملزمان نے حملے کو کامیاب بنانے کے لیے ممبئی اور بنگلور میں بھی فاروقی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا تھا۔رپورٹ کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی جس پر کالندی کنج-پُشتہ روڈ پر جال بچھایا گیا۔ صبح تقریباً 3 بجے جب ایک مشکوک موٹرسائیکل گزری تو افسران نے اسے رکنے کا اشارہ کیا، تاہم شوٹرز نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں دونوں کو ٹانگوں میں گولی لگی، جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے ان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کی۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی نہ صرف منور فاروقی کی جان بچانے میں کامیاب رہی بلکہ گینگ کی آئندہ کی ممکنہ وارداتوں کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔واضح رہے کہ گولڈی برار گینگ اس سے قبل کئی بھارتی سیلیبریٹیز کو نشانہ بنانے کی کوشش کر چکا ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں کپل شرما کو دھمکیاں دینے پر گینگ سے تعلق رکھنے والے دلیپ چودھری کو ممبئی کرائم برانچ نے گرفتار کیا تھا۔ اسی طرح 12 ستمبر کو اداکارہ دشا پٹانی کے گھر کے باہر بھی فائرنگ کی گئی جس کی ذمہ داری گینگ نے قبول کی۔ مئی میں ریپر ایمی وے بنٹائی کو بھی اسی گینگ کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی۔