کامیڈین اور اسٹیج اداکار اللہ رکھا پیپسی 50 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔
اللہ رکھا پیپسی نے اپنے منفرد مزاحیہ انداز، برجستہ مکالموں اور جاندار اداکاری کی بدولت اسٹیج کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کئی کامیاب اسٹیج ڈراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنے مخصوص اندازِ مزاح سے شائقین کو طویل عرصے تک محظوظ کرتے رہے۔اسٹیج کے علاوہ انہوں نے مختلف ٹی وی مزاحیہ پروگراموں اور ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، جہاں ان کی حاضر جوابی، قدرتی اندازِ گفتگو اور منفرد مزاح کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ ان کی پرفارمنس نے انہیں پاکستان کی اسٹیج انڈسٹری کے نمایاں مزاحیہ فنکاروں میں شامل کر دیا۔
اللہ رکھا پیپسی کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ فنکار برادری نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے پاکستانی اسٹیج ایک باصلاحیت اور منفرد مزاحیہ فنکار سے محروم ہو گیا ہے۔سوشل میڈیا پر بھی مداح اور ساتھی فنکار اللہ رکھا پیپسی کی فنی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کر رہے ہیں۔