اورنگی ٹاؤن: شخص نے گھر میں خون کی ہولی کھیل دی، 1 جاں بحق، 6 زخمی

اورنگی ٹاؤن: شخص نے گھر میں خون کی ہولی کھیل دی، 1 جاں بحق، 6 زخمی

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں خوفناک خاندانی سانحہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے چھریوں اور بغدے کے وار سے اپنے ہی گھر میں خون کی ہولی کھیل دی۔

 واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور خواتین سمیت 6 افراد شدید زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سیکٹر سیون ای بلوچ گوٹھ میں پیش آیا۔ ملزم انور نے مبینہ طور پر پانی میں نشہ آور چیز ملا کر اہل خانہ کو بے ہوش کیا اور بعدازاں ان پر حملہ کردیا۔ مقتول کی شناخت 32 سالہ احسن ولد اکمل کے نام سے ہوئی، جو ملزم کا بہنوئی اور پنجاب کے ضلع جہلم سے آیا ہوا تھا۔ زخمیوں میں ملزم کی اہلیہ اور بچے بھی شامل ہیں۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم انور کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

زخمی لڑکی کے ویڈیو بیان کے مطابق والد نے سب کو کھانے کے دوران بے ہوشی کی دوا پلائی اور پھر اچانک چھری اور بغدے سے وار شروع کردیے۔ لڑکی نے بتایا کہ وہ موقع ملتے ہی بھاگ کر باہر نکلی اور اہلِ محلہ و پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ابتدائی طور پر اسے غیرت کے نام پر کیا گیا قتل قرار دیا جا رہا ہے۔