ویب ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ ماہرِ حیوانات اور ماحول دوست رہنما ڈیم جین گوڈال 91 برس کی عمر میں وفات پا گئیں۔
ان کی موت امریکہ کے ایک اسپیکنگ ٹور کے دوران کیلیفورنیا میں ہوئی۔1934 میں لندن میں پیدا ہونے والی جین گوڈال نے بچپن ہی سے جانوروں سے محبت کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا تھا۔ انہوں نے اپنی عمر کا بڑا حصہ تنزانیہ کے جنگلات میں چمپینزیز کے ساتھ تحقیق کرتے ہوئے گزارا۔ ان کا ساٹھ سالہ مطالعہ جنگلی چمپینزیز کے سماجی اور خاندانی رویوں کو سمجھنے کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے انسانی ارتقاء اور ابتدائی عادات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔1977 میں جین گوڈال نے "جین گوڈال انسٹیٹیوٹ" قائم کیا جو اب 25 سے زائد ممالک میں پرائمیٹس کے تحفظ اور ماحول دوست منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ 1991 میں انہوں نے "روٹس اینڈ شُوٹس" پروگرام شروع کیا جس نے نوجوانوں کو ماحولیات اور جانوروں کی فلاح کے کاموں میں متحرک کیا۔ آج یہ پروگرام تقریباً 100 ممالک میں فعال ہے۔
جین گوڈال کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2002 میں اقوام متحدہ کی امن کی سفیر مقرر کیا گیا، اسی سال انہیں میسنجر آف پیس کا اعزاز بھی دیا گیا۔ 2004 میں برطانوی شاہی اعزاز ڈیم سے نوازا گیا جبکہ 2024 میں امریکی صدر جو بائیڈن نے انہیں امریکہ کا سب سے بڑا سول ایوارڈ میڈل آف فریڈم عطا کیا۔ماحولیات کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے 2022 میں ان کے نام پر ایک باربی ڈول بھی متعارف کرائی گئی تھی۔