ویب ڈیسک:غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ تھم سکا اور ایک اور فلسطینی صحافی شہید کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے فلسطینی صحافی اور ماہرِ تعلیم حسن دوہان جامِ شہادت نوش کر گئے۔ذرائع کے مطابق صرف ایک دن کے دوران غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 6 تک جا پہنچی ہے۔ پیر کے روز اسرائیلی فورسز نے غزہ کے النصر اسپتال کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 صحافیوں سمیت 20 افراد شہید ہوئے تھے۔غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کے دوران اب تک اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کی مجموعی تعداد 245 ہو گئی ہے، جس سے دنیا بھر میں صحافتی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ کے النصر اسپتال پر بمباری سے خوش نہیں ہیں۔ اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا:"یہ سب کچھ میں نہیں دیکھنا چاہتا، اس بھیانک خواب کو ختم ہونا چاہیے۔"انہوں نے مزید کہا کہ اگلے دو سے تین ہفتوں میں ایک اچھا اور فیصلہ کن انجام سب کے سامنے آئے گا، جس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔