عالمی شہرت یافتہ میوزک پروڈیوسر کلائیو ڈیوس 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

عالمی شہرت یافتہ میوزک پروڈیوسر کلائیو ڈیوس 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

دنیا بھر کے عظیم موسیقاروں کو متعارف کرانے والے معروف میوزک پروڈیوسر اور ریکارڈ ایگزیکٹو  کلائیو ڈیوس پیر کے روز 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

کلائیو ڈیوس کو موسیقی کی دنیا میں اپنی غیر معمولی صلاحیت اور "گولڈن ایئر" (Golden Ear) کے باعث منفرد مقام حاصل تھا۔ انہوں نے جینس جوپلن، وٹنی ہیوسٹن اور بروس اسپرنگسٹن جیسے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کو متعارف کرایا اور متعدد بڑے ستاروں کے کیریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔وہ حالیہ عرصے میں سونی میوزک انٹرٹینمنٹ کے چیف کری ایٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جبکہ اس سے قبل وہ کولمبیا، اریسٹا ریکارڈز اور جے ریکارڈز جیسے بڑے میوزک لیبلز کی قیادت بھی کر چکے تھے۔ان کے نمائندے کے مطابق کلائیو ڈیوس نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ وہ حال ہی میں سانس کی نالی کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں زیر علاج بھی رہے تھے۔

چھ دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر میں انہوں نے ایلیسیا کیز، ایروسمتھ، اریتھا فرینکلن، کارلوس سانتانا اور متعدد دیگر عالمی فنکاروں کی سرپرستی کی۔کلائیو ڈیوس کو پانچ گریمی ایوارڈز سے نوازا گیا، اور وہ 1976 سے ہر سال گریمی سے قبل موسیقی کی صنعت کے نمایاں فنکاروں کو اکٹھا کرنے کی روایت بھی قائم رکھتے تھے۔ان کی خدمات کو موسیقی کی تاریخ میں ایک سنگ میل قرار دیا جاتا ہے، اور انہیں ان شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے جدید میوزک انڈسٹری کی سمت متعین کی۔