پنجاب اور ازبکستان کے مابین تجارتی، دوطرفہ سرمایہ کاری پر اتفاق

 ازبکستان سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کریں،ہر ممکن سہولت دیں گے۔چوہدری شافع حسین
پا ک ر ازبکستان تجارتی پارٹنر ، دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔سپیکر نوردنجان اسماعیلوو
لاہور(خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ازبکستان کے اعلیٰ سطح کے پارلیمانی و تجارتی وفد نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی۔ازبکستان کی قانون ساز اولی مجلس کے سپیکر مسٹر نوردنجان اسماعیلوو وفد کی قیادت کر رہے تھے۔وفد میں ازبکستان کے سفیر مسٹر علی شیر تختیو،اعزازی قونصل جنرل نجیب مشتاق وہرہ،مختلف کمیٹیوں کے ڈپٹی چیئرمینز اور اداروں کے سربراہان شامل تھے۔پنجاب اور ازبکستان کے مابین تجارتی اشتراک اور دوطرفہ سرمایہ کاری پر اتفاق کیاگیا۔تجارتی اشتراک اور باہمی سرمایہ کاری کیلئے فوکل پرسنز مقرر کردئیے گئے۔تجارتی اشتراک اور دوطرفہ سرمایہ کیلئے تجارتی وفود کے تبادلے بھی ہوں گے۔

  صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں،پنجاب اور ازبکستان کے سرمایہ کار بزنس کے مشترکہ منصوبے شروع کرسکتے ہیں۔پنجاب اور ازبکستان کے مابین زراعت،سیاحت، انرجی، ای وی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون ہوسکتا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ازبکستان کے سرمایہ کار بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کریں،ہر ممکن سہولت دیں گے۔سپیکر ازبکستان قانون ساز مجلس مسٹر نوردنجان اسماعیلوونے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان تجارتی پارٹنر ہیں تاہم دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔پنجاب پاکستان کا بڑا صوبہ ہے جس میں کافی پوٹینشل موجود ہے۔فیصل آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر کا قیام مستحسن اقدام ہوگا۔۔ازبک قانون ساز مجلس کے سپیکر نے چوہدری شافع حسین کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔