پاکستانی تجارتی وفد کا دورہ سری لنکا: دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

 خوراک، زراعت، فارماسیوٹیکل، کاسمیٹکس اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
کولمبو (خصوصی رپورٹ) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی تجارتی وفد نے پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ کی قیادت میں سری لنکن وزیر تجارت وسنتھا سمارا سنگھے سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔وفد میں شیخ محمد طاہر انجم، سی ای او سکس بی فوڈ انڈسٹریز پاکستان، محمد گلزار فیصل شیخ، ڈائریکٹر سکس بی فوڈ انڈسٹریز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 25 سے زائد پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے بھی شامل تھے، جب کہ سری لنکا کے چیمبر آف ٹورزم اینڈ انڈسٹری کے صدر اے ایم جوفر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، کاروباری طبقے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور خاص طور پر خوراک، زراعت، فارماسیوٹیکل، کاسمیٹکس اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے وفد نے تجاویز پیش کیں، جن پر سری لنکن وزیر تجارت نے اتفاق کیا اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔