اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں اور اس پر شفاف، غیر جانبدار اور بین الاقوامی سطح پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔
یہ بات وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس وقت بھی مغربی سرحد سے درپیش دہشت گردی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔ بھارت کی الزام تراشیوں کا مقصد پاکستان کی توجہ ان کوششوں سے ہٹانا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پہلگام واقعے پر بھارت کے الزامات محض ایک سیاسی چال ہیں، اور ضرورت اس بات کی ہے کہ اس واقعے کی بین الاقوامی سطح پر قابل اعتماد اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے اور موجودہ بحران میں مؤقف پیش کرنے کے لیے دوست ممالک سے مشاورت کر رہا ہے۔ انہوں نے برادر ملک متحدہ عرب امارات سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارت کو کشیدگی کم کرنے پر آمادہ کرے۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔