پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے نیدرلینڈز کی پاکستان میں سفیر ہینی ڈی ویریس کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں معروف ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورِس یان بوویلینڈر اور پاکستانی فٹبالر کائنات بخاری بھی شریک ہوئے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے اور وسیع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز کے ساتھ تاریخی تعلقات نے تجارت، زراعت، تعلیم اور استعداد کار میں قابلِ قدر فروغ پیدا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 2.3 ارب ڈالر تک پہنچنا قابل اطمینان ہے اور پاک نیدرلینڈز کے مابین معاشی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے نیدرلینڈز کا تعاون پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بہت حوصلہ افزا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ہاکی اور کرکٹ جیسے کھیل مشترکہ جذبے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلورِس یان بوویلینڈر کا لاہور میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنا قومی کھیل ہاکی کو مزید تقویت بخشے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "کھیلتا پنجاب" پروگرام کے ذریعے حکومت پنجاب کھیلوں کی سہولتیں ضلع، تحصیل اور گاؤں کی سطح پر فروغ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنایا جا سکے۔مریم نواز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بطور پہلی خاتون وزیراعلیٰ، خواتین کی شمولیت اور قیادت کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔