لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فن لینڈ کے سفیر ہانو ریپاتی نے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات کے فروغ، تعلیمی و تکنیکی اشتراک، تجارت، قابل تجدید توانائی، زرعی ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے فن لینڈ کی تعلیمی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فن لینڈ کا تعلیمی ماڈل دنیا کے لیے ایک مثال ہے اور پنجاب حکومت فن لینڈ کے ساتھ تعلیمی اصلاحات، ڈیجیٹل تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینا چاہتی ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں فن لینڈ کے سفارتخانے کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات جمہوریت، شفافیت اور پائیدار ترقی جیسے مشترکہ اصولوں پر قائم ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نشاندہی کی کہ فن لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی اور سماجی روابط کو مضبوط بنانے میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قابل تجدید توانائی، زرعی جدت، ڈیجیٹل سروسز اور اعلیٰ تعلیم جیسے شعبوں میں فن لینڈ کے سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔دونوں فریقین نے اعلیٰ سطحی روابط بڑھانے اور دوطرفہ سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا، اور تعلیمی و تکنیکی شعبے میں طویل المدتی تعاون کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔