اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے حوالے سے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے یک زبان ہونے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
یہ بات انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے سینیٹ میں سربراہ اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں سینیٹر عرفان صدیقی نے نواز شریف کو سینیٹ میں پارٹی کی کارکردگی سے تفصیلاً آگاہ کیا۔سینیٹر صدیقی نے اس موقع پر ایوانِ بالا میں قومی سلامتی اور ملکی دفاع کے حوالے سے پیش کی گئی متفقہ قرارداد کا ذکر بھی کیا، جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور شرکت اور تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد کی تیاری میں اتفاق رائے سے کام لیا گیا جو پارلیمانی روایت کا ایک مثبت پہلو ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ضرور ہے، تاہم جب بات ملکی سلامتی اور دفاع کی ہو، تو تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرز عمل سے نہ صرف قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا بلکہ عوام کے دلوں میں بھی اتفاق و اتحاد کی فضا پیدا ہوگی۔سابق وزیراعظم نے سیاسی قیادت کے اس قومی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مثالیں ملک میں جمہوریت کے استحکام اور قومی اداروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔