ویب ڈیسک: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بہادر مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ وطنِ عزیز کا دفاع کیا ہے۔
وہ یہ گفتگو جاتی امرا میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کر رہے تھے، جنہوں نے انہیں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و قومی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے حالیہ چیلنجز کے دوران انتہائی مثبت اور موثر کردار ادا کیا، جبکہ عوامی نمائندوں نے قومی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کا حوصلہ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے سیاسی تقسیم سے بالاتر ہو کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند ہے، اور یہ طرزِ عمل آئندہ بھی برقرار رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس کڑے وقت میں سرخرو کیا۔
نواز شریف نے پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے سچائی پر مبنی بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کیا اور دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔انہوں نے اس موقع پر زور دیا کہ قومی یکجہتی اور اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کو ایک صفحے پر آنا ہوگا تاکہ قوم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ مؤثر انداز میں کیا جا سکے۔